انقرہ25دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ترکی نے کہا ہے کہ حلب سے شمال مشرق میں20کلومیڑ کے فاصلے پرالباب کے علاقے میں اس کے فضائی حملوں میں اسلامک اسٹیٹ کے 68عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ترک جنگی لڑاکا طیارے انتہا پسندوں کے ساتھ لڑنے والے باغیوں کی مدد کررہے تھے۔ترک فوج کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ رات بھر جاری رہنے والے فضائی حملوں میں اسلامک اسٹیٹ کے141اہداف تباہ کیے گئے جن میں ان کا ایک فوجی ہیڈکوارٹرز بھی شامل ہے۔ترک حکومت ’’فری سیرین آرمی‘‘نامی گروپ کی مددکر رہی ہے۔ شام کے صدربشارالاسد مخالف یہ گروپ دمشق کی حکومت کا تختہ الٹناچاہتاہے۔ترکی نے یہ فوجی آپریشن تقریباً چار مہینے پہلے شام کے ساتھ اپنی سرحد سے اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں اور کردوں کو دور دھکیلنے کے لیے شروع کیاتھا۔الباب کے علاقے میں لڑائیوں میں تیزی آچکی ہے اور ترک فوج کا دعوی ہے کہ اس نے بدھ کے روز اپنے فضائی حملوں میں تقریباً 140عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ترکی نے داعش کے خلاف فوجی آپریشن اگست میں اپنے دارالحکومت میں اسلامک اسٹیٹ کے خودکش دھماکوں کے بعد شروع کیا تھا جس میں 50سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔جمعرات کو ترک وزیر دفاع نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ فوج نے الباب کے تقریباََ لگ بھگ 2000مربع کلو میٹر کا علاقہ اسلامک اسٹیٹ سے خالی کروا لیا ہے اور ایک ہزار سے زیادہ جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔